پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی امین گنڈا پور نے حراست کے دوران اپنے لمبے بال کٹوا کر سب کو حیرت زدہ کردیا۔
علی امین گنڈاپور نے عدالت حاضری کے بعد صحافیوں سے بات چیت کی ، صحافی نے سوال کیا کہ علی امین آپ کے بال کس نے کاٹے؟
علی امین گنڈاپور نے جواب دیا کہ میں نے خود بال کٹوائے ہیں لیکن حجام اچھا نہیں تھا، بغیر شیشے کے بال کیسے کٹے اندازہ بھی نہیں ہوا۔
انہوں نے اس دوران یہ بھی کہا کہ طاقت بالوں میں نہیں ہوتی ایمان میں ہوتی ہے، ابھی داڑھی رکھنے کا فیصلہ نہیں کیا،گھر میں مشورہ اور استخارہ کروں گا پھر داڑھی رکھنے کا فیصلہ کروں گا۔
صحافی نے سوال کیا کہ کیا آپ داڑھی رکھنے کے بعد جے یو آئی میں شامل ہونگے جس پر علی امین گنڈاپور بولے15 دن قید میں رہا ہوں لیکن میرا دماغ خراب نہیں ہوا۔
انہوں نے کہا کہ قید میں کئی قیدیوں سے گپ شپ رہی ہے، میں نے کئی قیدیوں کو نشہ چھوڑنے پر لیکچر دیے، زندگی کا نشہ مزیدار ہوتا ہے منشیات کا نشہ نہیں کرنا چاہئے۔
خیال رہے کہ علی امین گنڈا پور سوشل میڈیا پر اداروں کے خلاف تقاریر کے کیس میں حراست میں ہیں۔گزشتہ روز انہیں لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے راہداری ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا تھا۔