83

امریکہ میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی والدہ نے وزیراعظم عمران خان کے نام خط لکھ دیا ایک مرتبہ پھر عافیہ کو بچانے کیلئے آپ سے درخواست کرتی ہوں۔ عصمت صدیقی

: امریکہ کی جیل میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی والدہ نے وزیراعظم عمران خان کے نام ایک کُھلا خط لکھ دیا جس میں انہوں نے درخواست کی کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو واپس لایا جائے۔ تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی والدہ عصمت صدیقی نے وزیراعظم عمران خان کے نام اپنے خط میں کہا کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی پاکستان کی عزت و توقیر کے مترادف ہے۔
وزیراعظم صاحب آپ کا دورۂ امریکہ میرے سمیت تمام پاکستانیوں کے لئے اُمید کی کرن ہے۔ اُمید ہے کہ آپ عافیہ کی رہائی کا مطالبہ کرنے کے ساتھ اس مسئلہ کا حل نکالیں گے۔ انہوں نے اپنے خط میں لکھا کہ یہ کام ایک حقیقی لیڈر ہی کرسکتا ہے، مجھے آپ سے قوی اُمید ہے۔ عصمت صدیقی نے اپنے خط میں وزیراعظم عمران خان کو بیٹا پُکارتے ہوئے اپنے ساتھ ٹیلیفونک گفتگو کی بھی یاد دہانی کروائی اور کہا کہ وزیراعظم صاحب! آپ اس تاریکی میں اُمید کی کرن ہیں، عافیہ صدیقی کی رہائی فرد واحد کا نہیں پوری قوم کا مسئلہ ہے۔

ہمیں دنیا پر بآور کروانا ہے کہ ہم بیٹی بیچنے والے نہیں غیرت مند پاکستانی ہیں۔ انہوں نے لکھا کہ امریکہ و بھارت اپنے دہشت گرد ایجنٹوں کو بچانے کے لیے میدان میں آسکتے ہیں تو ہم اپنی بیٹی کو کیوں نہیں بچاسکتے؟عافیہ صدیقی امن و محبت کی داعی اور وزیراعظم صاحب آپ کو اپنا ہیرو سمجھتی ہے۔ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی والدہ نے اپنے خط میں وزیراعظم عمران خان کے لیے حوصلے، ہمت اور قوم کی صحیح ترجمانی کی دعائیں بھی کی ہیں۔ خیال رہے کہ قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ صدیقی امریکہ کی جیل میں قید ہیں جن کی رہائی کا مطالبہ پوری قوم کئی سالوں سے کر رہی ہے لیکن گذشتہ ادوار حکومت میں اس حوالے سے کوئی اقدام نہیں کیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں