میاں شہبازشریف نے اسلام آباد سے لاہور ماڈل ٹاﺅن میں اپنی رہائش گاہ پر پہنچ کر خود کو قرنطینہ کرلیا
اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے خود کو قرنطینہ کرلیا ہے۔ ذرائع کے مطابق میاں شہبازشریف نے اسلام آباد سے لاہور ماڈل ٹاﺅن میں اپنی رہائش گاہ پر پہنچ کر خود کو قرنطینہ کرلیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے صدرشہبازشریف لندن سے آج صبح اسلام آبادپہنچے تھے،شہبازشریف بعد میں براستہ موٹروے اسلام آبادسے لاہور پہنچے ۔
واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کی خراب صحت کی وجہ سے لندن میں کئی ماہ سے موجود شہباز شریف وطن واپس آ گئے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق وزیر اعلیٰ فلائٹ پی کے 786 کے ذریعے اسلام آباد پہنچے ہیں۔اسلام آباد پہنچنے کے بعد شہباز شریف نے ٹوئیٹر پر ایک پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے بتایا کہ وہ اسلام آباد پہنچ چکے ہیں
اپنے پیغام میں انہوں نے ہم وطنو سے درخواست کی ہے کہ ایک دوسرے سے فاصلہ رکھیں اور کوشش کر کے گھر پر رہیں تاکہ کوئی بھی ہم میں سے اس بیماری کی وجہ سے اپنے پیاروں سے جدا نہ ہو۔
ان کا کہنا ہے کہ اللہ سب کا اور وطن عزیز کا حامی و ناصر ہو۔ ٹوئیٹر پر جاری پیغام کے آخر میں انہوں نے “لو یُو آل” بھی کہا۔ اس کے بعد شہباز شریف اسلام آباد سے لاہور کے لیے روانہ ہوگئے اور پھر لاہور ماڈل ٹاؤن رہائشگاہ پہنچ کر انہوں نے خود کو قرنطینہ کرلیا۔ علاوہ ازیں لندن سے پاکستان واپسی سے قبل جاری کیے گئے ایک ویڈیو بیان میں اپوزیشن لیڈر نے کہا تھا کہ ارادہ تو پہلے ہی وطن واپس جانے کا تھا لیکن بڑے بھائی میاں نواز شریف کی صحت کی وجہ سے ایسا ممکن نہ ہو سکا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان واپس جانے کا فیصلہ میاں نواز شریف کی مشاورت سے کیا ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ وطن جو اس وقت کورونا وائرس جیسی مہلک وبا کی لپیٹ میں ہے میرا یہ فرض بنتا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں اپنی قوم کے کھڑا رہوں۔