خیبرپختوںخواہ کے علاقوں چترال، دیر بالا، سوات اور کوہستان میں آئندہ 24گھنٹے کے دوران مسلسل اور طوفانی بارش ہوگی، لوگوں کو نقل و حرکت محدود کرنے کی ہدایت کر دی گئی
سوات آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شدیدسیلاب آنے کا الرٹ جاری، خیبرپختوںخواہ کے علاقوں چترال، دیر بالا، سوات اور کوہستان میں آئندہ 24گھنٹے کے دوران مسلسل اور طوفانی بارش ہوگی، لوگوں کو نقل و حرکت محدود کرنے کی ہدایت کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطاب خیبرپختونخوا کے قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے نے آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران صوبے کے پہاڑی علاقوں میں شدید بارشوں اورسیلاب سے خبردار کیا ہے۔ان علاقوں میں چترال، دیر بالا، سوات اور کوہستان شامل ہیں۔
ان اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو کسی جانی اور مالی نقصان سے بچنے کیلئے احتیاطی اقدامات کرنے کیلئے مراسلہ بھجوایا گیا ہے۔ سیاحوں کو پہاڑی علاقوں کے سفر سے گریز کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔ جبکہ ان علاقوں میں آباد لوگوں کو خطرناک قرار دی گئی جگہوں سے فوری کسی اور جگہ منتقل ہو جانے، اور اپنی نقل و حرکت کو محدود کر دینے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ واضح رہے کہ ان دنوں پاکستان میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ آنے والے دنوں میں اس سلسلے میں مزید شدت آنے کا امکان ہے۔ جبکہ رواں برس پاکستان میں رواں مون سون سیزن کے دوران سپر فلڈ آنے کا بھی خدشہ ہے۔