تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے راوی ٹاؤن کے دو چھوٹے بچوں، بہن بھائی کا کرونا کا ٹیسٹ مثبت آ گیا۔ ہسپتال کے ذرائع کے مطابق دونوں بچوں میں کرونا وائرس والد سے منتقل ہوا جبکہ والدہ کا ٹیسٹ منفی آیا۔
صحت کے حکام کے مطابق دو روز قبل بچوں کے والد کا کرونا ٹیسٹ کیا گیا جو کہ مثبت آیا۔ والد کا ٹیسٹ مثبت آنے پر باقی فیملی کا بھی کرونا کا ٹیسٹ کیا گیا جس میں دونوں بہن بھائیوں میں کرونا کی علامات پائی گئیں اور ان کا کرونا کا ٹیسٹ بھی مثبت آ گیا۔
دونوں بچوں کا کرونا کا ٹیسٹ مثبت آنے پر جب میڈیکل ٹیمیں بچوں کو لینے ان کے گھر راوی ٹاون پہنچیں تو بچوں کی والدہ کی جانب سے انہیں تیار کیا گیا اور ان کو قرآن پاک بھی تھمایا گیا۔ تاہم جب میڈیکل کی ٹیمیں بچوں کو ایمبولینس میں لے کر چلڈرن ہسپتال کی جانب روانہ ہونے لگیں تو والدہ نے روتے ہوئے استدعا کی کہ میرے بچوں کو نہ لے جایا جائے۔
صحت حکام کا بچوں میں کرونا کی تشخیص کے بعد مزید یہ کہنا تھا کہ آئسولیشن وارڈ جس میں بچوں کو رکھا جائے گا اس میں نہ تو والدین کو جانے کی اجازت دی جائے گی اور نہ ہی کسی رشتے دار کو بچوں سے ملنے کی اجازت دی جائے گی۔ تاہم بچوں کو مکمل صحت یاب ہونے کے بعد گھر بھیج دیا جائے گا۔
دوسری جانب چلڈرن ہسپتال کی ڈی ڈی ایچ او ڈاکٹر نادیہ کا بچوں کو گھر میں آئسولیٹ کرنے کے حوالے سے کہنا تھا کہ بچوں کو اس لئے گھر میں آئسولیٹ نہیں کیا جاسکتا کیونکہ یہ جوائنٹ فیملی ہے جس پر گھر کے دیگر افراد بھی کرونا کا شکار ہو سکتے ہیں۔